کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال وزیراعظم کی قومی سلامتی اجلاس میں عدم شرکت کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ شہباز شریف نے اگر پیغام بھیجا تھا تب بھی وزیراعظم کو قومی سلامتی اجلاس میں شریک ہونا چاہئے تھا، ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف میں جتنے بھی اختلافات ہوں فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے،محمل سرفراز نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس میں وزیراعظم کی عدم شرکت کی وجہ سے متعلق اسپیکر آفس کو وضاحت دینی چاہئے، میرے ذرائع کے مطابق وزیراعظم قومی سلامتی کے اجلاس میں شریک ہونے کیلئے تیار تھے، اسپیکر آفس کی طرف سے وزیراعظم ہاؤس کو بتایا گیا کہ شہباز شریف کا پیغام آیا ہے کہ وزیراعظم نہ آئیں،ذرائع کہتے ہیں اسپیکر آفس کے مطابق شہباز شریف کے سیکرٹری نے یہ پیغام پہنچایا، میٹنگ میں بھی جب وزیراعظم کے شریک نہ ہونے پر بات ہوئی تو بتایا گیا کہ آپ کی طرف سے یہ پیغام آیا تھا، اس پر ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ نہیں تھا مس انڈراسٹینڈنگ کی وجہ سے غلط پیغام چلا گیا کہ وزیراعظم نہ آئیں۔