• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کی کرپشن سے بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ پھر شروع ہوگئی، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ، این این) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کرپشن سے بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ پھر شروع ہوگئی،ہم نے ایل این جی کے 3 پاور پلانٹس میں 200 ارب روپے بچت کی ،بجلی کی ترسیل ، لائنوں کی تنصیب میں بھی پی ٹی آئی نے غلط بیانی کی۔ نوازشریف کی قیادت میں ن لیگ نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی پانچ سال مسلسل محنت کی تھی ،پی ٹی آئی حکومت کی 3 سال کی بدانتظامی اور کرپشن سے ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پھر شروع ہوگئی ہے ،یہ پی ٹی آئی حکومت کی بدترین کارکردگی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جھوٹ بولا کہ بہت زیادہ پاور پلانٹس لگائے گئے ،اتنی شدید لوڈشیڈنگ سے پی ٹی آئی کے یہ دعوے جھوٹ ثابت ہوگئے ہیں۔ ہم نے ایل این جی سے چلنے والے تین پاور پلانٹس میں 200 ارب روپے سے زائد کی بچت کی، دنیا بھر میں اس سے سستے اور بہترین بجلی بنانے والے پلانٹس کی تنصیب کی کوئی اور مثال ہے تو بتائیں،بجلی کی ترسیل اور لائنوں کی تنصیب کے بارے میں بھی پی ٹی آئی نے غلط بیانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اب تک صرف ایک ایل این جی کارگو طویل المدتی کنٹریکٹ پر خریدا ہے ، مختصر مدت کیلئے دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی فرنس اور ڈیزل پر مہنگی بجلی بنا کر عوام پر ظلم کیاگیا ،کورونا بحران کے دوران تاریخ کی سستی ترین ایل این جی مل رہی تھی،ن لیگ نے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ بھی لگائے ،پاکستان میں کوئی اور پاور پلانٹ اتنی سستی بجلی پیدا نہیں کرتے جتنے کوئلے کے پلانٹس بناتے ہیں بجلی اور پٹرولیم کے تمام نظام اور اس کی ترتیب کو پی ٹی آئی حکومت نے اپنی بدانتظامی اور کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔

تازہ ترین