پشاور(جنرل رپورٹر) وزارت انسانی حقوق نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کےباہمی اشتراک سےنیشنل ایکشن پلان فار ہیومن رائٹس کے تحت سیمینار کا اہتمام کیا جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو انسانی حقوق کے مسائل سے آگاہی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہی دینا تھا۔ اس موقع پردوسو سے زائد طلبہ واساتذہ نے شرکت کی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن پشاورپروفیسرڈاکٹر غلام قاسم مروت نے انسانی حقوق کے ارتقائی عمل پر روشنی ڈالی۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اورآگاہی کیلئے مہم چلائیں۔ ڈائریکٹر ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن رائٹس پشاور غلام علی نے طلبہ اور فیکلٹی ممبرز سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق سے متعلق مسائل پر ریسرچ کریں تاکہ ان مسائل کا حل نکالا جاسکے۔ انہوں نے دیگر یونیورسٹیوں میں بھی اس قسم کے سیمینارز کے انعقاد کا اعلان کیااورکہا کہ ہیلپ لائن نمبر 1099پر بشری حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی مشورہ حاصل کیا جاسکتاہے۔سیمینار سے وائس چانسلر باچاخان یونیورسٹی چارسدہ پروفیسر ڈاکٹر فضل رحیم خان ، ڈی ڈی ایچ آر پشاور روبینہ ظفر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر اسلام آباد محمد ابرار اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اسلام آباد ناہید عرفان خٹک نے بھی خطاب کیا۔