• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FIA کو جج ارشد ملک کی اوریجنل ٹیپ نہیں دی گئی، شہزاد اکبر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کو لیڈ پارٹی لیڈر نواز شریف کریں گے،مریم نواز کا اپنا کردار ہے،دوبارہ لانگ مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کے آپشن کھلے ہیں۔ 

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ ایف آئی اے کو جج ارشد ملک کی اوریجنل ٹیپ نہیں دی گئی وہ کس چیز کا فارنزک کروائے، شعیب سڈل اگر سمجھتے ہیں کہ فارنزک کیلئے اصل ویڈیو کی ضرورت نہیں تو تحقیقاتی ٹیم کو مدد فراہم کریں سینئر صحافی ندیم ملک کو نوٹس جج ارشد ملک کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے معاونت کیلئے دیا ہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے کہا کہ انتظامی بے ضابطگیوں کی وجہ سے سندھ میں دوسرے صوبوں کی نسبت کاپی کلچر زیادہ ہے، پچھلے برسوں میں رینجرز کی ڈیوٹی لگائے جانے سے کاپی کلچر کافی حد تک کم ہوا تھا۔ 

ن لیگ پنجاب کے صدر راناثناء اللہ نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کا اثاثہ ہیں انہوں نے پارٹی کے بہت مشکل وقت میں موثر کردار ادا کیا، مریم نواز نے نہ صرف پارٹی کو متحرک کیا بلکہ ضمنی الیکشن بھی جتوائے،مریم نواز اور شہباز شریف کے علاوہ باقی لیڈر کی بھی پارٹی میں اہمیت ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سوات جلسے میں پارٹی صدر اور دیگر عہدیدار موجود تھے، مریم نواز کو جس جگہ اپنا کردار ادا کرنا ہوا وہ کریں گی، ۔

ن لیگ کے تمام رہنما میدان عمل میں اپنا کام کریں گے، سیاسی طور پر خود کو ایکٹو رکھنا اور لوگوں کو صورتحال سے آگاہ کرنا ضروری ہے، لانگ مارچ کے نتیجے میں اپوزیشن پارلیمنٹ سے باہر آجاتی تو اسی سال صاف و شفاف الیکشن مل جاتے، ہم نے عوام سے رابطے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا ہے، دوبارہ لانگ مارچ اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کے آپشن کھلے ہیں۔ 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم چاہتے تھے پوری اپوزیشن ایک ساتھ استعفے دے تاکہ حکومت ضمنی الیکشن نہ کرواسکے، 2022ء کا سال شروع ہوتے ہی الیکشن کا نقارہ بج جائے گا، وزیراعظم کے نعروں سے بجٹ الیکشن بجٹ معلوم ہورہا ہے، ممکن ہے 2022ء کے اوائل میں ہی حکومت الیکشن کی طرف جائے، ن لیگ نے نئے انتخابات کیلئے تیاری شروع کردی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ جج ویڈیو اسکینڈل میں جج ارشد ملک کی وفات ہوچکی ہے، سینئر صحافی ندیم ملک کو نوٹس جج ارشد ملک کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے معاونت کیلئے دیا ہے، صحافی ندیم ملک پر کسی قسم کا کوئی الزام نہیں ہے۔

ندیم ملک نے اپنے پروگرام میں کہا تھا ان کے پاس کچھ معلومات ہیں، ایف آئی اے کی ٹیم ان سے اسی حوالے سے پوچھنا چاہتی ہے، ندیم ملک کو معاونت کیلئے بلایا گیا ہے یہ کسی کے آزادیٴ اظہار رائے پر حملہ نہیں ہے، یہ ندیم ملک پر منحصر ہے کہ وہ کتنی مدد کرسکتے ہیں، ندیم ملک کو اچھے شہری کی طرح معاونت کرنی چاہئے لیکن اگر وہ معاونت نہ کریں تو وہ بھی ان کا حق ہے۔ 

شہزاد اکبر کا کہنا تھاکہ جج ارشد ملک کیس کے بہت سے اہم ملزمان برطانیہ میں بیٹھے ہوئے ہیں، تحقیقاتی ٹیم کو جب بھی کیس سے متعلق کوئی نئی لیڈ ملے گی وہ اپنا ایکشن کرے گی، ایف آئی اے کو جج ارشد ملک کی اوریجنل ٹیپ نہیں دی گئی وہ کس چیز کا فارنزک کروائے، شعیب سڈل اگر سمجھتے ہیں کہ فارنزک کیلئے اصل ویڈیو کی ضرورت نہیں تو تحقیقاتی ٹیم کو مدد فراہم کریں۔ 

شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی کی ایکس مل قیمت ہائیکورٹ کے حکم پر بنائی گئی کمیٹی نے مقرر کرنی ہے، شوگر ملز والوں کو دوبارہ بلا کر چینی کی ایکس مل قیمت تعین کرنے کا پراسس چل رہا ہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ نے کہا کہ 443امتحانی مراکز میں سے صرف 38امتحانی مراکز پر پرچہ دیر سے پہنچا، بورڈ کے سینٹر کنٹرول آفیسر جو ٹیچرز میں سے ہوتے ہیں وہ امتحانی پرچہ وصول کرنے نہیں آئے، سینٹر کنٹرول آفیسر کو امتحانی پرچے امتحانی مراکز پہنچانے ہوتے تھے، اس صورتحا ل میں بورڈ کے اسٹاف نے پرچے امتحانی مراکز پہنچائے جس کے باعث تاخیر ہوئی۔

تازہ ترین