تائیکوانڈو کاشمار مارشل آرٹس کے مقبول ترین کھیلوں میں ہوتا ہے یہ جنوبی کوریا کا قومی کھیل ہے جس نے بہت محنت سے اس کھیل کو دنیا بھرمیں روشناس کرایا آج کورین کھلاڑی اس کھیل میں اپنی بھرپور مہارت اور دسترس رکھنے کے باعث دنیا بھر میں کھیلے جانے والے تائیکوانڈو ایونٹس میں اپنے ملک کیلئے تسلسل کے ساتھ تمغے جیت رہے ہیں، لبنان کے شہربیروت میں کھیلی گئی 14 ویں ایشین تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 44 سال کے طویل عرصے کے بعد ایشین چیمپئن شپ میڈلز جیتے، راقم الحروف کو اس ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر کی حیثیت شرکت کااعزاز حاصل رہا بلاشبہ اس تاریخی کامیابی کاسہرا جہاں قومی کھلاڑیوں ، کوچز کو جاتا ہے۔
وہیں پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر (کرنل ر) وسیم جنجوعہ کی کاوششیں لائق تحسین ہیں جنہوں نے نہ صرف ایک ماہ میں اردن میں اولمپک کوالیفائی راؤنڈ اور لبنان میں کھیلے گئے ایشین انٹرنیشنل ایونٹس میں قومی ٹیم کی شمولیت کو یقینی بنایا اور کوویڈ کی صورتحال کے باوجود کھلاڑیوں کیلئے آرمی اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے تربیتی کیمپ کاانتظام کیاجس سے کھلاڑیوں کو ایونٹ سے قبل تیاری کا موقع مل سکا،انہوںپاکستان میں مارشل آرٹس کے کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کے مطابق استعمال ہونے والے مکمل سامان کو ملک میں متعارف کرایا جس کے باعث آج قومی کھلاڑی ڈومیسٹک ایونٹس میں بھی الیکٹرونک چیسٹ گارڈ، سینسرز لگے ہینڈ گلوزاور سوکس استعمال کررہے ہیں ایشینا یونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کامظاہرہ کرتے ہوئے 5چاندی اور 2کانسی کے میڈلز اپنے نام کئے 14ویں ایشین پومزے ایونٹ میں پاکستان کی ناجیہ رسول، عائشہ نور، ہارون خان، حمزہ عمر سعیداور شاہزیب خان نے اوور 17 فری اسٹائیل مکسڈ ٹیم کیٹگری میں چاندی کے میڈلز اپنے نام کئے جبکہ ناجیہ رسول نے فری اسٹائیل ویمن کیٹگری میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
24ویں ایشین تایکونڈو چیمپین شپ،کیوروگی ایونٹ میں پاکستان کے ہارون خان نے -58 کے جی ویٹ میں کانسی کا میڈل جیتا نوہاد نوفل انڈور اسٹیڈیم میں ورلڈتائیکوانڈو ایشیا کے صدرپروفیسر کیوسیوک لی نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی متاثر کن کارکردگی کااعتراف کرتے ہوئے کھلاڑیوں، آفیشلزاور فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ وسیم جنجوعہ کو مبارکباد پیش کی ساؤتھ ایشین تائی کوانڈوایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان کے ٹیم لیڈر عمر سعید سے اپنی خصوصی ملاقات کے موقع پر پروفیسر کیو سیوک لی کاکہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل میں دن بدن نکھارآتا جارہا ہے تائیکوانڈو کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے ہماری مکمل سپورٹ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کو حاصل رہے گی۔
پروفیسر کیو سیوک لی نے رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی چیف آف آرمی اسٹاف جی ون پاکستان اوپن تائیکوانڈو چیمپئین شپ کیلئے اپنی نیک خواہشات کااظہارکرتے ہوئے پی ٹی ایف کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی پروفیسر کیو سیوک لی کاکہنا تھا کہ میں اس سال پاکستان میں تائیکوانڈو کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دیکھنے کے منتظر ہوں،عمر سعید نے تائیکوانڈو کھیلنے والے جنوبی ایشیائی ممالک کو تسلیم کرنے اور ان کی حمایت اورپاکستان میں تائیکوانڈو کی مسلسل سرپرستی کرنے پر صدر ڈبلیو ٹی ایشیا ء پروفیسر کیو سیوک لی کا شکریہ اداکیا اورکھیلوں کاسامان تیار کرنے والی معروف انٹرنیشنل کمپنی کومبیکس اسپورٹس کی ڈبلیو ٹی ایشیا سے وابستگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
قومی ٹیم کی وطن واپسی پر فیڈریشن کے عہدایداران نے ٹیم کااستقبال کیا اس موقع پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ کی جانب سے 6 لاکھ 35 ہزار روپے کیش ایوارڈز اور دیگر تحائف تقسیم کئے گئے پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ نے ہارون خان کو پاکستان کافخر قراردیا،ان کا کہنا ہے کہ رواں سال اسلام آباد میں کھیلی جانے والی چیف آف آرمی اسٹاف جی ون تائیکوانڈو چیمپئین شپ کا انعقاد یقینی طور پر فیڈریشن کیلئے ایک چیلنج سے کم نہیں امید ہے کہ قومی کھلاڑی مذکورہ ایونٹ میں بھی اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔