• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب عوام میئر لاہور کا انتخاب کریں گے: فردوس عاشق اعوان

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پہلے 274 یونین کونسلیں لاہور کے مئیر کا انتخاب کرتی تھیں، اب لاہور کے عوام لاہور کے میئر کا انتخاب کریں گے۔

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ڈی ایم اے آفس لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے عوام کو مشکلات سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے، اداروں کو بااختیار بنانا وزیرِ اعظم عمران خان کا منشور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے ایک مضبوط ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے، ریسکیو اینڈ ریلیف میں پی ڈی ایم اے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے، کورونا جیسی آفات میں بھی اس ادارے کا کردار ڈھکا چھپا نہیں، لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو فی الفور بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی پٹیشن رجسٹرڈ کر لی گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اسے فوری سنا جائے، حکومت جمہوریت کی نرسری نچلی سطح پر اگانے جا رہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، 40 ارب کی ترقیاتی اسکیمیں اس وقت پائپ لائن میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کر نا چاہتے ہیں، سودے باز ہمیشہ سودے بازی کرتا ہے، بجٹ میں کچھ نہیں ملا تو سوات میں جلسہ کرنے چلے گئے، پنجاب سے ہم نے ان کا صفایا کر دیا ہے۔

تازہ ترین