وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر 8 تا 10 دن میں کام مکمل ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں شبلی فراز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور کہا کہ چند ہی روز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی رونمائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مکمل تیاری کے بعد اپوزیشن اور اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کی جائے گی، جسے کہیں بھی ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔
وزیر سائنس ٹیکنالوجی نے مزید کہاکہ ای وی ایم یوزر فرینڈلی ہوگی، 2 دن تک مشین چارج رہ سکے گی، ابھی 10 تا 20 مشینیں بنائی جائیں گی، اس مشین میں ووٹ ضائع ہونے کا کوئی چانس نہیں ہوگا۔
اُن کا کہنا تھاکہ ای وی ایم کی قیمت کا تعین بھی کچھ روز میں کردیا جائے گا، اس کی قیمت 65 تا 80 ہزار روپے ہوگی، یہ منفی 10 تا 55 ڈگری سینٹی گریڈ پر کام کرسکے گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ کسی ضمنی انتخاب میں ای وی ایم کا تجربہ کریں گے، مستقبل میں 2 ہزار مشینیں روزانہ کی بنیاد پر بناسکیں گے، کوشش ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشین واٹر پروف ہو۔
انہوں نے کہا کہ نسٹ اور کامسیٹس سمیت تین ادارے مل کر ای وی ایم بنا رہے ہیں، ووٹ ڈالنے کے الیکٹرانک ریکارڈ کے ساتھ پیپر بیلٹ بھی ہوگا، پیپر بیلٹ کے لیے استعمال کاغذ 5 سال تک کارآمد رہےگا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پی آر اے کے الیکشن میں ای وی ایم مشین استعمال کرنےکی مخالفت کرتا ہوں، انتخابات کے لیے 4 لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ نوجوانوں کو اگلے 2 سال میں ٹیکنالوجی سے متعارف کرائیں گے، باہر کے ممالک میں ان نوجوانوں کو ملازمتیں دلوائی جائیں گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ سیف سٹی پروگرام میں بہت ایشوز ہیں لیکن اس سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز سے متعلق شروع میں پہلے اتنا معلوم نہیں تھا، مجھے یہ ہی بریفننگ دی گئی تھی کہ وینٹی لیٹرز عالمی معیار پر پورا نہیں اترتے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ اگلے ہفتے آئی 10سیکٹر میں پینے کے پانی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کریں گے، پینے کے پانی کا ماہانہ بل 400 سے 800 روپے آئے گا۔