وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) بدنام ہے۔
کراچی میں صوبائی وزیر کی زیر صدارت ایس بی سی اے کا اجلا س ہوا، جس سے خطاب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے پورا محکمہ بدنام ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں منظم پلاننگ کے ساتھ اور برق رفتاری سے کی جائیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت غیرقانونی تعمیرات مہم کی معاونت فراہم کرے گی، اس کے لیے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ سے مدد لی جائے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنی ہوئی ہیں، ان کو فعال کیا جائے، مہم کے لیے ایس بی سی ایس کو افرادی قوت اور ضروری سامان فراہم کیا جائے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے یہ بھی کہاکہ غیر قانونی تعمیرات کی رپورٹ کرنا متعلقہ افسر کی ذمہ داری ہے، اگر رپورٹ نہ کیا گیا تو سمجھیں گے افسر تعمیرات میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پی پی غیر قانونی تعمیرات کی سرپرست نہیں، غیرقانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیا جائے۔
ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی پورشن بن جاتے ہیں، چھوٹے پلاٹوں پر 8،8 منزلیں بن جاتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئے دن بلڈنگ گرجاتی ہیں، جس سے نقصان ہوتا ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین کو بہتر کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، اجلاس میں ڈی جی ایس بی سی اے سلیم رضا کھوڑو اور سینئر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔