وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دلیپ کمار نے کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا اور اُنہوں نے اپنی اداکاری کے انمنٹ نقوش چھوڑے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم دلیپ کمار کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اللّہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔
دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔
دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔