• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کیساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دُنیا سے رخصت ہوگیا ہے: امیتابھ بچن

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار


بالی ووڈ کی دُنیا میں بِگ بی کے نام سے مشہور سینئر اداکار امیتابھ بچن نے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی دُنیا سے رخصت ہوگیا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’آج دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی، وہ ہمیشہ ’دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کمار کے بعد‘ہوگی۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری دُعا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں دلیپ کمار کے اہلخانہ اور عزیزوں کو صبر و جمیل عطا ہو۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

تازہ ترین