مرحوم بھارتی اداکار دلیپ کمار کے پشاور میں موجود گھر کے باہر ان کے مداحوں کی جانب سے فاتحہ خوانی کی گئی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کردہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلیپ کمار کے کچھ مداح پشاور کے قصہ خوانی بازار میں ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہیں۔
اس تصویر میں انھیں فاتحہ خوانی کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ 1922 میں پشاور کے قصہ خوانی بازار میں پیدا ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ آج صبح دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہی ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے افسوسناک پیغام میں بتایا گیا کہ ’انتہائی دل اور گہرے رنج و غم کے ساتھ، میں یہ اعلان کررہا ہوں کہ ہمارے دلیپ کمار صاحب کچھ دیر قبل انتقال کرگئے ہیں۔‘
فیصل فاروقی نے مزید لکھا کہ ’بے شک! ہمیں خُدا نے اس دُنیا میں بھیجا ہے اور ہمیں لوٹ کر اُسی کی طرف جانا ہے۔‘
ان کے علاوہ شوبز سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور انھیں زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا جارہا ہے۔