کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی سردار عبدالرحمان کھیتران کی ہدایت پر بی ایف اے کی کوئٹہ شہر و مختلف اضلاع میں ناقص، ملاوٹی اور زائدالمیعاد اشیاء کے تدارک کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے حب ، نوشکی اور کوئٹہ میں متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو مراکز سیل جبکہ اٹھارہ مراکز پر جرمانے عائد کر دیئے ۔حب میں چھ جنرل سٹورز کو زائد المیعاد پیکٹ مصالحہ جات کی برآمدگی ، چار ہولسیلرز کو بڑی مقدار میں چائنیز نمک اور غیرمعیاری فوڈ کلرز کی موجودگی ،ایک ہوٹل کو کچن میں گندگی ،ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور کھانوں میں چائنیز نمک اور غیر معیاری فوڈ کلرز کے استعمال جبکہ ایک ملک شاپ کو دودھ میں یوریا اور شیمپو کی ملاوٹ پر جرمانہ کیا گیا۔ نوشکی میں مراکز کی مسلسل تیسرے روز چیکنگ کے دوران تین جنرل سٹورز کو بڑی مقدار میں ایکسپائری آئٹمز جن میں بچوں کے کھانے کی اشیاء ، فارمولا دودھ ، مختلف مشروبات اور کوکنگ آئل کی برآمدگی پرسیل و جرما نہ کیا گیا۔ دوران معائنہ سبزی و فروٹ فروشوں اور گوشت کی دکانوں سمیت متعدد مراکز کے مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ اور مغربی بائی پاس پر قائم تین ہوٹلوں کو بھی ناقص صفائی ، خراب کوکنگ آئل و غیر معیاری فوڈ کلرز اور چائنیز نمک کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔ مذکورہ علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مراکز سے برآمد ہونے والی ناقص و مضر صحت اور زائد المیعاد اشیاء کی بڑی مقدار قبضے میں لے کر موقع پر تلف کردی گئی۔