• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان میں طالبان کمانڈر منظرعام پر آگئے، کھلی کچہری لگائی

سکردو( نثار عباس نامہ نگار) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں کالعدم تحریک طالبان کے انتہائی مطلوب اشتہاری کمانڈرز کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

افغانستان میں طالبان کی شمالی حصے کی جانب پیش قدمی کے بعد ضلع دیامر میں ہندوکش کے پہاڑوں پر دہشتگرد منظر عام پر آ گئے۔

سیاحتی مقام بابو سر کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان کے جیل سے مفرور دہشتگردوں نے کھلی کچہری لگائی اور سماجی رابطے کے چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں لیکن پاکستان کے حساس ادارے 2019 میں ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدہ پر عمل کریں۔

ویڈیو بیان جاری کرنیوالے کمانڈر حبیب الرحمٰن اور ان کیساتھ موجود کمانڈر لیاقت سانحہ نانگا پربت اور ایس پی قتل کیس میں گرفتار ہوئے تھے جو 2015 فروری میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گلگت جیل توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جنہیں قانون نافذ کرنیوالے ادارے چھ سال بعد بھی گرفتار نہ کر سکے اور اب اچانک ہی یہ مفرور دہشتگرد دوبارہ نمودار ہوئے ہیں۔

ویڈیو میں کمانڈر حبیب الرحمٰن اور کمانڈر لیاقت کے ہمراہ جدید خود کار ہتھیاروں سے لیس نقاب پوش بھی موجود ہیں۔

تازہ ترین