ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلع ملتان میں عارضی مویشی منڈیاں لگانے کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ضلع میں قربانی کے جانوروں کے لئے 6 عارضی سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے مویشیوں کے ان عارضی سیل پوائنٹس کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں قربانی کے جانوروں کے لئے6 عارضی سیل پوائنٹس 10 جولائی سے فعال کر دئے جائیں گے،ملتان شہر میں متی تل اور فاطمہ جناح ٹاون جبکہ تحصیل صدر میں ہیڈ محمد والا اور موضع بلیل میں یہ سیل پوائنٹس قائم کئے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی ایک ایک عارضی مویشی منڈی لگائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیل پوائنٹس پر پانی،بجلی اور چارے کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا اور پولیس، ریسکیو، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکمے سیل پوائنٹس پر کیمپ لگائیں گے۔اس کے علاوہ کانگو وائرس کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک جانوروں پر سپرے کے لئے ضلع کے داخلی راستوں پرکیمپ لگائے گا۔لائیو سٹاک سپرے کیمپ قادر پور راں،ہیڈ محمد والا،شیر شاہ اور بہاولپور روڈ پر لگائے جائیں گے۔