• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 23 فٹبال چیمپئن شپ: اسلام آباد ٹائیگرز اور خیبر ایگلز سیمی فائنل میں

اسلام آباد ٹائیگرز اور خیبر ایگلز نے قومی انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل  میں جگہ بنالی جبکہ بلوچستان بازیگر اور کے پی کے فالکنز کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی  فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

کنج فٹ بال گراؤنڈ ایبٹ آباد میں تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں بلوچستان زوراور کا مقابلہ اسلام آباد ٹائیگرز کی ٹیم سے تھا جس میں اسلام آباد ٹائیگرز نے بلوچستان زوراور کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔

وقفے تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم 84ویں منٹ میں اسلام آباد ٹائیگرز کے نوفل حسین نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک برقرار رہی۔

 بلوچستان زوراور  کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

اس میچ میں کمشنر کے فرائض شفاعت حبیب جبکہ ریفریز کے فرائض عدنان انجم، عدیل انور اور شاہ نواز نے انجام دیے۔

ایونٹ کا ایک اور کوارٹر فائنل میچ سندھ سینٹس اور خیبر ایگلز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں خیبر ایگلز نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے محمد اسحاق نے 44ویں منٹ میں پنالٹی کک اور حمزہ رضا نے امام حسین کے کراس پر ایک گول اسکور کیا جبکہ سندھ سینٹس کی جانب سے واحد گول نعمان بلوچ نے انجری ٹائم میں بنایا۔

ایونٹ میں پیر کو آرام کا دن ہے، جبکہ سیمی فائنلز منگل اور بدھ کو کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین