اسلام آباد، کراچی (ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آنے بعد کورونا مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے اوپر چلی گئی جس نے صورتحال خطرناک بنا دیا ہے، پاکستان میں آخری مرتبہ 30 مئی کو کورونا کیسز کی شرح 4.05 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
این سی او سی کی ہدایات پر مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے، این سی او سی نے عیدپر تفریحی مقامات، سینما گھر، شادی ہال، جمنازیم جانیوالے افراد، گلگت بلتستان،آزادکشمیر اورپختونخوا میں ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی ہے، جبکہ مساجد اور بازاروں میں پہلے سے جاری ایس اوپیز پر عمل کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن طرزکی نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جمعہ کو کاروبار بند رہا کرینگے، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تمام ہائی رسک سیکٹرز میں صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سےعمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کر دی گئیں، ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیلئےٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ملک بھر میں وباء سے مزید 27 افراد چل بسے، 1980نئے کیسز رپورٹ ہوئے، مریضوں کے حوالے سے پاکستان 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی ہدایات پر مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ تفریحی مقامات، سینما گھر، شادی ہال ، جمنازیم آنے والے افراد کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ، تمام ہائی رسک سیکٹرز میں صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سےعمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان مقامات کے داخلی راستوں اور ہوٹلوں میں داخلے پر ویکسین سرٹیفکیٹ کی تصدیق کیلئے طریقہ کار کا اجراءبھی کر دیا گیا۔
بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن ، اندرون اور بیرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ مساجد اور بازاروں کیلئے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کیلئے تفصیلی چیک لسٹس جاری کر دی گئیں ۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین کے بغیر ہوائی سفر پر پابندی لگادی گئی ہے تاکہ لوگوں کو ذمہ داری کا احساس ہو۔انھوں نے مزیدکہا کہ ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر سخت فیصلے کرنے ہونگے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری ملازمین کو کورونا ویکسین لگوانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ 12 جولائی تک کم ازکم ایک ڈوزکاسرٹیفکیٹ ادارے میں جمع لازمی کرائیں۔ جوملازمین مقررہ تاریخ تک سرٹیفکیٹ جمع نہ کرواسکے ان کی تنخواہوں کی بندش ہوگی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 980 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید 908 کورونا مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 09 فیصد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 582 ہو گئی ،کْل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 73 ہزار 284 ہو چکی ہے ۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کْل 37 ہزار 499 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 119 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کْل 9 لاکھ 13 ہزار 203 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 382 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کْل 1 کروڑ 50 لاکھ 56 ہزار 787 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہاں اب تک 3 لاکھ 48 ہزار 85 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 819 ہو چکی ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 46 ہزار 360 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کْل اموات 5 ہزار 599 ہو گئیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 313 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کْل اموات 4 ہزار 359 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 ہزار 647 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، اب تک یہاں کْل 783 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 27 ہزار 961 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 317 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 21 ہزار 67 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کْل 594 مریض وفات پا چکے ہیں۔ گِلگت بلتستان میں 6 ہزار 851 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 111 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔