کراچی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو امن، چین اور خوشحالی کے ساتھ مساوی مواقع والا معاشرہ بنانے کیلئے وسائل اور آبادی میں توازن ضروری ہے، پاکستان کی آبادی سالانہ 2.4فیصد سے بڑھ رہی ہےلیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود سلیکٹڈ وزیراعظم پاپولیشن کے متعلق ٹاسک فورس کی صدارت کرنے کیلئے تیار نہیں، ترقی پذیر ممالک میں شرح پیدائش زیادہ ہونے کے باعث چیلنج جیسی صورتحال ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے ازدواجی مشاورت کے بل پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی مساوات، اور انفارمڈ چوائسز کے حقوق اور نوعمر و نوجوانوں کے حقوق سے کاربند ہے۔ پی پی پی جب منتخب ہوکر حکومت میں آئے گی تو ایسی اصلاحات کو پورے ملک میں متعارف کرائے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک جانب وہ ممالک ہیں جہاں فرٹیلٹی ریٹ کم ہے، تو ان ممالک میں برزگ شہریوں کی آبادی زیادہ ہے اور دوسری جانب ایسے بہت سارے ترقی پذیر ممالک ہیں، جہاں فرٹیلٹی ریٹ زیادہ ہونے کے باعث ایک چیلنج جیسی صورتحال ہے۔ جن ممالک میں فرٹیلٹی ریٹ زیادہ ہے وہاں دوسروں پر انحصار کرنے والی آبادی یعنی نوعمر اور نوجوان افراد زیادہ تعداد میں ہیں۔