جیو انٹرٹینمنٹ کی مقبول ترین ڈرامہ سیریز ’خُدا اور محبت‘ کے سیزن 3 میں فہد کا مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار فیروز خان کی اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک طویل عرصے بعد تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر فیروز خان اور اُن کی اہلیہ علیزے سلطان کی کچھ تصویریں وائرل ہورہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویریں کسی شادی کی تقریب کی لگ رہی ہیں جس میں علیزے سلطان نے پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ فیروز خان سفید لباس میں ملبوس ہیں۔
تصویروں میں ہر دلعزیز یہ جوڑی بہت خوش نظر آرہی ہے جبکہ مداح طویل عرصے کے بعد اس جوڑی کی ایک ساتھ تصویر دیکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فیروز خان اور اُن کی اہلیہ علیزے سلطان سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں میں بتایا جارہا تھا کہ فیروز خان اور علیزے سلطان نے علیحدہ ہونے کا فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا ہے تاہم بعد میں اداکار نے ان خبروں کی تردید کردی تھی۔
خیال رہے کہ اداکار فیروز خان اور علیزے فاطمہ 3 سال قبل شادی کے بندھن میں بندھے تھے، دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام محمد سلطان خان ہے۔
فیروز خان پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں اداکاری کر چکے ہیں جبکہ ڈرامہ انڈسٹری میں بھی فیروز خان ’خُدا اور محبت 3‘،’ خانی‘ اور’ رومیو ویڈز ہیر‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔