• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی پارٹی تحلیل، رجنی کانت کا سیاست میں قدم نہ رکھنے کا فیصلہ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)مشہور و معروف بھارتی اداکار رجنی کانت نے گزشتہ روز اپنی پارٹی ’رجنی مکل مندرم‘ کو پوری طرح سے ختم کر دیا۔ اسی کے ساتھ رجنی کانت نے کہا ہے کہ وہ اب کبھی بھی سیاست میں قدم نہیں رکھیں گے۔ رجنی کانت نے ’رجنی مکل مندرم‘ کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور اس کے بعد سیاست میں کبھی قدم نہ رکھنے کا فیصلہ سنایا۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنی پارٹی کو تحلیل بھی کر دیا۔’رجنی مکل مندرم‘ پارٹی کو تحلیل کرتے ہوئے رجنی کانت نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’مستقبل میں سیاست میں آنے کا میرا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ میں سیاست میں قدم نہیں رکھنے والا ہوں۔‘‘ رجنی کانت نے یہ فیصلہ کافی غور و خوض کے بعد لیا، اور اس سے قبل انھوں نے پارٹی کے اہم عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے شیدائیوں کے ساتھ بھی اس سلسلے میں میٹنگ کی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ایک خط میں رجنی کانت نے لکھا تھا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے افسوس ہے کہ میں ایک سیاسی پارٹی شروع نہیں کروں گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ انھوں نے بھاری دل سے لیا ہے۔ انھوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کی جانب اشارہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’اگر میں لوگوں سے ملتا ہوں اور انفیکشن کا شکار ہوتا ہوں تو جو لوگ میرے ساتھ رہیں گے، انھیں بھی جدوجہد کرنی پڑے گی اور وہ زندگی میں امن کے ساتھ ساتھ پیسہ بھی گنوا دیں گے۔‘‘

تازہ ترین