نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور ایس او پیز پر عمل کروانے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات کے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت کردی گئی، تمام سیاحتی مقامات پر جانے والوں کے لیے ویکسینیشن لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔
مختلف علاقوں میں ہیٹ میپس کی مدد سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ جاری کردیا گیا، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسلام آباد ، ملتان میں انتظامیہ نے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پشاور، گوجرانوالہ میں انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو سیل کر دیا گیا۔
ہوٹلوں میں ویکسینیشن اور ماسک کے بغیر اسٹاف اور وزیٹرز کی موجودگی کا نوٹس لے لیا گیا۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 2 کروڑ سے زائد ویکسین ڈوز لگانے کا سنگ میل عبور کرلیا، گزشتہ روز 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی، یکم جولائی سےاب تک 40 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔
بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے، فلائٹ آپریشن بڑھانے کا فیصلہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے کیا گیا، فلائٹ آپریشن بڑھانے کے فیصلے کا اطلاق 15 جولائی سے ہوگا، فلائٹس آپریشن بڑھنے سے روزانہ مزید 2500 سے 3 ہزار افراد پاکستان آسکیں گے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ تمام ایئرپورٹ اور متعلقہ اداروں کو ضروری اضافی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں، یکم اگست سے اندرون ملک ہوائی سفر کے لیے ویکسین لازمی شرط قرار دی گئی ہے۔