لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی زیر صدارت عدالت عالیہ لاہور کے اوورسیز پاکستانی سیل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس جواد حسن نے خصوصی شرکت کی، شرکا سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، انکے تمام معاملات کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانی سیل کا قیام سابق چیف جسٹس کا بہترین اقدام تھا، ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانی سیل کو مزید فعال بنایا جائے تا کہ تارکین وطن کو اس سیل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔انہوں نے یقین کہ تارکینِ وطن پاکستانیوں کے مقدمات کے فیصلے انصاف اور ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں۔قبل ازیں اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس شجاعت علی خان کا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کیلئے قانون بنایا گیا ہے۔