مظفر آباد/پلندری(ایجنسیاں/ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ اب مفاہمت نہیں مزاحمت پسند جماعت بن گئی،تیل کی قیمت بڑھنے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا وہ تو سائیکل پر دفتر جاتے ہیں،نوازشریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی تھی،ووٹ چوری سےحکومت بنی تو کہیں پہاڑ بھی گروی نہ رکھ دئیے جائیں ،یاد رکھو ووٹ چوری کی کوشش کی تو زیر زمین بھی منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔جمعرات کو آزاد کشمیر کے علاقے تحصیل بلوچ اور پلندری میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام پرپیٹرول بم گرادیا گیا ہے، جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے توہرچیزکی قیمت میں اضافہ ہوجاتا ہے، تیل کی قیمت بڑھنے سے عمران خان کوفرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پردفترجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں ڈالا، اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے، عمران خان پر نواز شریف کا نام سن کر ہی کپکپی طاری ہوجاتی ہے، الیکشن میں ہار نظر آنے پر اب انہیں انتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں۔ مریم نوازنے کہا کہ آزاد کشمیرکے بیٹے نواز شریف کا سلام لائی ہوں، بلوچ والوں نے میرا بہترین استقبال کیا، کشمیر کا نعرہ لگانے سے میری رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کیوں کہ میری رگوں میں خالصتا کشمیری خون ہے۔