کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اکبر ایس بابر اسکروٹنی کمیٹی پر پہلے اعتماد کا اظہار کرتے رہے آج عدم اعتماد کررہے ہیں،ماہرمعیشت خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم کرتی ہے تو ٹیکس وصولی میں شارٹ فال آئے گا، میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کے درمیان اختلافات طے نہیں ہو پارہے جس کا نقصان پاکستان کو ہوگا۔وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی نے فیصلہ کرنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کن سوالات کے جواب نہیں دیئے، پی ٹی آئی اس کیس میں پندرہ والیوم اور چالیس ہزار ڈونرز کا ریکارڈ جمع کرواچکی ہے،تحریک انصاف کے بینک اکاؤنٹس میں جو پیسہ آیا ہم اس کیلئے جوابدہ ہیں، ان بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا گیا ہے، اکبر ایس بابر اسکروٹنی کمیٹی پر پہلے اعتماد کا اظہار کرتے رہے آج عدم اعتماد کررہے ہیں، اکبر ایس بابر اپنی نام نہاد رپورٹ کے بجائے اسکروٹنی کمیٹی کی حتمی رپورٹ آنے دیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس کیلئے کسی پرائیویٹ شخص کو اختیار نہیں دیا، یہ تمام الزامات من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا بھی فارن فنڈنگ کا معاملہ چل رہا ہے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے 12اکاؤنٹس ظاہر نہیں کئے، اسکروٹنی کمیٹی الیکشن کمیشن نے بنائی ہے اسے ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وہی کرے گا، اسکروٹنی کمیٹی بنیادی طور پرجے آئی ٹی ہے جو تینوں جماعتوں کے اکاؤنٹس دیکھ رہی ہے۔ماہر معیشت خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت نے پچھلے سال وصول شدہ ٹیکس کا 15فیصد ٹیکس پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کے ذریعہ اکٹھا کیا تھا، حکومت پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کم کرتی ہے تو ٹیکس وصولی میں شارٹ فال آئے گا، حکومت درآمدات پر ٹیکس کے ذریعہ اس شارٹ فال کو پورا کرسکتی ہے، معاشی صورتحال دیکھیں تو 10ارب ڈالرز کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہوسکتا ہے جو بہت زیادہ ہوگا۔