بیسن کا استعمال صدیوں سے بطور غذا اور خوبصورتی بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے جبکہ تا حال اس کے بے شمار فوائد سے کچھ لوگ ناواقف ہیں، بیسن کا استعمال صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے ایسے ہی اس کے استعمال کے خوبصورتی پر بھی یکساں فوائد مرتب ہوتے ہیں جنہیں جاننا اور اس کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرنا ضروری ہے، ہر گھر میں موجود بیسن میں کئی مسائل کا حل موجود ہے جسے جان کر آپ کی آج بھی متعدد پریشانیاں ختم ہو جائیں گی۔
غذائی ماہرین کے مطابق بیسن چنوں سے حاصل کیا جاتا ہے اور چنے غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، بیسن وٹامنز اور منرلز سے بھر پور ہوتا ہے، اس میں آئرن، پوٹاشیم، زنک، میگنیز، کیلشئیم، وٹامن بی 6 اور فائبر کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے، بیسن کے آٹے کی روٹی کے استعمال سے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
بیسن میں کولسیٹرول اور کیلوریز بہت کم پائی جاتی ہیں، اس میں کولیسٹرول گھٹانے اور وزن کم کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ اس سے بنی روٹی شوگر کے مریضوں کو تجویز کی جاتی ہے، بیسن کے آٹے کی روٹی فائبر سے بھر پور ہوتی ہے اس لیے یہ کھانے کے بعد تا دیر بھوک محسوس نہیں ہو تی، تھائی رائیڈز کے لیے بھی بیسن کی روٹی بہت فائدہ مند قرار دی جاتی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق بیسن کے استعمال سے صحت اور خوبصورتی پر بے شمار فوائد حصل ہوتے ہیں اور جسم میں موجو وٹامنز اور منرلز کی کمی دور ہوتی ہے، بیسن آئرن سے بھر پور ہوتا ہے، اس سے بنی روٹی کھانے سے جسم میں خون کی کمی دور ہوتی ہے اور جسم میں تازہ خون پیدا ہوتا ہے، چہر ے پر نکھار آتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق بیسن سے بنی روٹی ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہے، اگر ہائی بلڈ پریشر کے مریض ناشتے میں بیسن کی روٹی کا استعمال کریں تو پورا دن بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے، بیسن کولیسٹرول کو بڑھنے نہیں دیتا، دل کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے، بیسن کی روٹی کے استعمال سے کمزوری اور تھکاوٹ محسوس نہیں ہوتی۔
بیسن کی روٹی کمزور ہاضمے کو ٹھیک کرنے کے ساتھ ساتھ معدے کی کارکاردگی بڑھاتی ہے، اس میں موجود کیلشیم ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق بیسن کی روٹی مسلسل ایک مہینے تک روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرنے سے وزن چار سے پانچ کلو تک کم ہو جاتا ہے۔
بیسن کے استعمال سے خوبصورتی پر آنے والے مثبت اثرات
ہر مرد اور عورت چاہتی ہے کہ اس کی جلد داغ دھبوں اور جھریوں سے صاف اور تروتازہ نکھری نکھری ہو اس کے لیے بازار میں مختلف کریمیں بھی دستیاب ہیں جن کے بہت زیادہ استعمال سے جلد خراب ہو جاتی ہے اس سے بچنے اور جلد کو پرکشش بنانے کے لیے چند آسان ٹوٹکے درج ذیل ہیں۔
بیسن رنگ گورا کرنے کے لیے صدیوں سے استعمال ہوتا آ رہا ہے، بیسن رنگ گورا اور جلد دلکش بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
روزانہ بیسن کو پانی میں ملا کر چہرے، بازوؤں اور کہنیوں پر لگائیں اور 5 سے 10 منٹ ہلکا ہلکا مساج کریں، اس سے چہرے کی رنگت نکھر جائے گی اور دوسری کریموں کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔
ایلوویرا کا گودا ایک چمچ، دودھ ایک چمچ اور بیسن آدھا چمچ ایک پیالی میں ڈال کر ان سب کو اچھی طرح مکس کر لیں، اب اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر 1 منٹ مساج کریں اور 20 منٹ بعد پانی سے چہرہ دھو لیں، اس کو ہفتے میں دو بار استعمال کرنے سے جلد گوری اور تروتازہ ہو جائے گی اور داغ دھبے ختم ہو جائیں گے۔
چکنی جلد کے لیے بیسن میں عرق گلاب مکس کرکے چہرے پر لگائیں، جب ماسک خشک ہو جائے تو ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔
دن میں دو بار بیسن میں لیموں شامل کر کے چہرہ دھونے سے رنگت نکھر جاتی ہے اور ایکنی کے داغ دھبے دنوں میں صاف ہوتے ہیں۔
دو چمچ بیسن میں لیموں ایک چمچ، عرق گلاب اور ایک چٹکی ہلدی شامل کرلیں اور یہ لیپ چہرے پر لگا لیں، اسے 15 منٹ تک لگا رہنے دیں، خشک ہونے کے بعد ہلکے پوروں کے ساتھ پانی لگا کر چہرے پر مساج کریں اور چہرہ دھو لیں۔