• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھٹکری سے خوبصورت کیسے بنیں؟

سفید رنگ کا قدرتی کیمیکل جز پھٹکری یعنی کے ایلم مارکیٹ سے با آسانی سفید ڈَلیوں کی صورت میں سستے داموں مل جاتی ہے جس کے استعمال سے خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جن سے متعلق جاننا اور پیسوں کی بچت کرتے ہوئے اس کا استعمال کرنا ضروری ہے۔

خوبصورتی حاصل کرنے کے لیے بہت زیادہ پیسے نہیں بلکہ اس سے متعلق معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق خواتین کے چہرے پر غیر ضروری بالوں کا مسئلہ عام طور پر ہارمونز کے غیر متوازن ہونے کی وجہ سےہوتا ہے، اس کے علاوہ مضر صحت اور غیر متوازن غذاؤں کا استعمال، ذہنی دباؤ اور موروثیت بھی اس مسئلے کا سبب بنتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق چہرے کے غیرضروری بالوں، صاف شفاف جِلد اور جھریوں کے خاتمے کے لیے اگر کیمکیل سے لبریز بیوٹی مصنوعات کے بجائے قدرتی نسخوں کا استعمال کیا جائے تو اس سے ناصرف جِلد منفی اثرات سے محفوظ رہتی ہے بلکہ چہرے کے بالوں کی نشونما میں بھی واضح کمی آتی ہے۔

چہرے کے بالوں کی افزائش کم کرنے اور دانوں کے علاج کے لیے کیمیکل کمپاؤنڈ پھٹکری کو موزوں پایا گیا ہے، پھٹکری ایک جراثیم کُش جز ہے ، اسے اکثر گھروں میں پانی صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا تا ہے۔

سستا ترین جز پھٹکری ( ایلم ) کے استعمال کے چند آزمودہ ٹوٹکے اور فوائد مندرجہ ذیل ہیں جن سے حاصل ہونے والے نتائج آپ کو حیران کر دیں گے ۔

چہرے کے بالوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کا استعمال

عرق گلاب میں ایک چمچہ میدہ اور دو سے تین چٹکیاں پھٹکری ملا کر لیپ بنا لیں، اب اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ہاتھوں سے مل کر صاف کر لیں، بلاناغہ ایک مہینہ یہ عمل کرنے سے چہرے کے غیر ضروری بال جڑوں سے کمزور ہو جائیں گے اور ویکسنگ اور تھریڈنگ کی ضرورت طویل عرصے تک محسوس نہیں ہوگی۔

خواتین اگر چہرے پر موٹے اور کالے بالوں سے جان چھڑا نا چاہتی ہیں تو پھٹکری پیس کر محفوظ کر لیں، اب اسے روزانہ ہم وزن پانی میں گھول کر روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں ( پانی نیم گرم ہونا چاہیے)، خصوصاً جب بھی تھریڈنگ یا ویکسنگ کریں اسے اپنے چہرے پر ضرور لگائیں۔

یہ عمل ہفتے میں کم از کم تین بار ضرور دہرائیں، اس عمل سے چہرے کے بالوں کی افزائش میں کمی آئے گی۔

روزانہ کسی بھی وقت چہرہ دھونے کے بعد پھٹکری کی ڈلی سے براہ راست گیلے چہرے پر مساج کیا جا سکتا ہے، مساج کے بعد چہرہ سوکھنے دیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں۔

کیل، مہاسوں اور دانوں سے نجات کے لیے پھٹکری کا استعمال

کیل مہاسوں اور دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کو پیس کر پانی میں شامل کر کے دانوں اور کیل مہاسوں پر لگائیں، بیس منٹ لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں۔

یہ عمل دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے روزانہ کریں، پھٹکری لگانے کی صورت میں اگر جلن محسوس ہو تو فوراً چہرہ دھو لیں اور یہ ٹوٹکا مت دہرائیں۔

جھریوں سے نجات

جھریوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کے ایک چھوٹے ٹکڑے کو گیلا کر کے آہستہ آہستہ اپنے چہرے پر رگڑیں، کچھ دیر بعد عرق گلاب سے چہرے کو دھو لیں اور اس کے بعد موسچرائزر کا استعمال کریں۔

پھٹی ہوئی ایڑیوں کا علاج

پھٹکری کو توے پر اتنا گرم کریں کہ وہ پگھل کے بھربھری سی نرم شکل میں آ جائے، اب اسے ٹھنڈا ہونے پر ناریل کے تیل میں ملا کے متاثرہ حصوں پر لگائیں، ایڑیاں صاف ستھری، ہموار اور نرم ملائم ہو جائیں گی۔

پسینے، پاؤں کی بد بو کے خاتمے کے لیے

جن افراد کو زیادہ پسینہ آتا ہو اور پسینے میں بدبو کی بھی شکایت ہو تو ایسے افراد نہاتے وقت پانی میں پھٹکری شامل کر لیں۔

پسینے کی بو ختم کرنے کے لیے دن میں کسی بھی وقت اس کا براہ راست بھی بغلوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین