چک سواری ،بھمبر،میرپور (نمائند گان جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے،کشمیری شیر کا جیتا ہوا الیکشن چوری نہیں کرنے دینگے، عمران خان کو کشمیر فروش کا تاج پہنایا جائے۔
کشمیر میں ن لیگ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو بہت برا ہوگا، روزصبح اٹھتےہی آٹا، دوائیاں اورچینی مہنگی ہونےکی خبرملتی ہے، نوازشریف کے دور میں چینی سرمایہ کاری کیلئے اب تحقیقات کیلئے آرہے ہیں،کشمیری بچوں پر گولیاں چلانے والا سلیکٹڈکا منظور نظر آزادپھر رہا ، اسےفی الفور گرفتار کیا جائے، عمران خان اے ٹی ایم کے علاقے سے انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔
پٹرولیم کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ،یوٹیلیٹی سٹور پر بھی آٹا ،گھی اور چینی عوام کی دسترس سے باہر نکل گئی ، اس حکومت نے عام آدمی سے قربانی کی استطاعت بھی چھین لی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکسواری ، اسلام گڑھ اور بھمبر میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھ لیا کشمیر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، ن لیگ نے تمام مخالف جماعتوں کی دوڑیں لگوا دیں، الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی تو کشمیری چھوڑینگے نہیں، یہ 2018 ہے نہ وہ والی مسلم لیگ ن، اس بار آپ کا مقابلہ آزاد کشمیر کے شیروں سے ہے۔
2018میں تم نے مشینیں بند کر کے الیکشن چوری کیا تھا۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جہاں تحریک انصاف کا استقبال جوتوں، انڈوں اور ٹماٹروں سے ہوتا ہے ایسے ماحول میں آج عمران خان کشمیر تشریف لارہے ہیں، عمران خان کی آزاد کشمیر آمد پر عوام انہیں کشمیر فروش کا تاج پہنائے۔
دریں اثناء مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے بھمبر حلقہ ایل اے 7میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 73سالہ تاریخ میں پٹرول کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی یوٹیلیٹی اسٹور پر بھی آٹا،گھی چینی عوامی دسترس باہر نکل گیا ہم کسی صورت بھی کشمیر کا الیکشن چوری نہیں ہونے دینگے 25جولائی کو عوام شیر کو ووٹ دیکر کامیاب کریں۔
انہوں نے کہاکہ ایک ایسا شخص جو اپنی حرکتوں اور بد زبانی ،غنڈہ گردی سے کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے میں مصروف ہے کشمیری ایک غیرت مند قوم ہے وہ اپنے اوپر کسی کو بھی بہتان بازی اور انکی شناخت کو متاثر کرنے والے کو برداشت نہیں کرتے۔
کشمیری بچوں پر گولیاں چلانے والا آج آزادپھر رہا ہے سلیکٹڈکا منظور نظروزیر امور کشمیرنے اپنے چمچوں کے ذریعے اور خود با نفس نفیس کشمیری بچوں پر گولیاں چلائی ہیں، میرا مطالبہ ہے کہ اسکو فی الفور گرفتار کیا جائے۔