بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ کرشمہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ مادھوری ڈکشٹ کی وجہ سے اُنہوں نے ابتدائی طور پر فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور نے بھارت کے معروف رئیلٹی شو انڈین آئیڈل میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے گفتگو کے دوران بتایا کہ فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں کئی اداکاراؤں نے کام کرنے سے منع کردیا تھا کیونکہ اُن کا ماننا یہ تھا کہ وہ مادھوی کے مدِمقابل ڈانس نہیں کرسکتی تھیں۔
کرشمہ کپور نے کہا کہ ’جب مجھے فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی تو میں نے بھی انکار کردیا تھا لیکن جب ڈائیریکٹر یش چوپڑا اور ادیتیا چوپڑا میرے پاس آئے اور مجھے فلم کی کہانی سُنائی تو میں نے اُن کی پیشکش قبول کرلی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میری والدہ نے مجھے اس فلم کی پیشکش قبول کرنے کے لیے راضی کیا تھا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’والدہ نے مجھے کہا تھا کہ تُم مادھوری کی مداح ہو اور یہ اُن کے ساتھ کام کرنے کا ایک سُنہرا موقع ہے لہٰذا میں راضی ہوگئی تھی۔‘
واضح رہے کہ فلم ’دل تو پاگل ہے‘ سال 1997 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشٹ اور کرشمہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
اس فلم میں عمدہ اداکاری کرنے کے پیشِ نظر کرشمہ کپور کو نیشنل ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔