• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈیلٹا ویرینٹ کا تیزی سے پھیلاؤ، اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی


کراچی میں کورونا وائرس کے بھارتی  ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی.

انڈس اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈس اسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھر گئی، اضافی بیڈز لگا کر مریضوں کو رکھا جا رہا ہے۔

پروفیسرعبدالباری نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بےقابو ہو چکی ہے، عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔

حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں، آغا خان اسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا۔

دوسری جانب ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔

حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھنے لگی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں، کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد کے قریب ہو گئی ہے۔

تازہ ترین