اسلام آباد میں لڑکا لڑکی پر تشدد کیس میں عثمان مرزا اور دیگر ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر 30 جولائی تک اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون واقع میں لڑکا لڑکی پر تشدد کیس میں عثمان مرزا کی جانب سے تشدد اور ویڈیو کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم عثمان مرزا کو دیگر ملزمان سمیت سیشن کورٹ پیش کیا گیا۔
مرکزی ملزم عثمان مرزا کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج راجا فرخ علی خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران پولیس نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کر دی جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے چاروں ملزمان کو 30 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
متاثرہ لڑکی اور لڑکے کی جانب سے حسن جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے، ملزم ادارس قیوم بٹ کو تھانہ آئی نائن کے مقدمہ میں بھی گرفتار کرلیا۔
سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے جم کے مالک اور اسکی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
ملزم ادارس قیوم بٹ کے ساتھ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیں گے۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ملزم ادارس قیوم بٹ کو اس مقدمہ میں بھی جیل بھیجا جائے جس پر عدالت نے ملزم ادارس قیوم بٹ کو تھانہ آئی نائن لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں بھی جیل بھیج دیا ۔