سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب انڈونیشیا پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کے حکم کے تحت انڈونیشیا سے آنے والے تمام مسافروں پر پابندی ہو گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کورونا مریضوں کی فہرست میں 45 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 115 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 13 ہزار 284 تک جا پہنچی ہے۔
ادھر انڈونیشیا اس فہرست میں 14ویں نمبر پر ہے، جہاں کورونا وائرس 77 ہزار 583 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 29 لاکھ 83 ہزار 830 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 کروڑ 28 لاکھ 44 ہزار 487 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 41 لاکھ 42 ہزار 737 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 33 لاکھ 40 ہزار 164 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 82 ہزار 133 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 17 کروڑ 53 لاکھ 61 ہزار 586 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔