بلوچستان کے ضلع گوادر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر دو ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کے نافذ کا فیصلہ کرلیا گیا، ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 25 جولائی سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ضلع گوادر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر 25 جولائی سے دو ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاون کا نافذ کیا جائے گا، تاہم راش، خوراک، پھل سبزیوں کی دکانیں، میڈیکل اسٹور، پیڑول پمپس کھلے رہیں گے، ان مقامات پر ان افراد کو جانے کی اجازت ہوگی جو ویکسینیشن کرواچکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ان ماہی گیروں کو شکار کی اجازت ہوگی جنہوں نے ویکسین لگوائی ہو، تمام مچھلی مارکیٹ بھی اگلے پندرہ دن کے لئے بند ہوں گی۔
سیاح، وزیٹرز بھی اگلے پندرہ دن تک ضلع گوادر میں داخل نہیں ہوسکیں گے، جبکہ تمام پارکس، کھیلوں کے میدان اور ہر قسم کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔