پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل بارباڈوس کے ساحل پر وقت گزارا، ساحل پر لطف اندوز ہوتے ہوئے قومی کرکٹرز کی تصاویر پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئیں۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصاویر میں حسن علی، فہیم اشرف و دیگر کھلاڑی تو موجود تھے لیکن وہاں کہیں سابق کپتان سرفراز نہیں دکھائی دیے۔
ایسے میں سرفراز احمد کی اہلیہ خوشبخت سرفراز نے بھی دلچسپ انداز سے اپنے شوہر کی وہاں موجودگی کے حوالے سے سوال کر کے صارفین کی توجہ کرکٹرز کی بجائے اپنے ٹوئٹ کی جانب مبذول کروالی۔
خوشبخت سرفراز نے پی سی بی کے ٹوئٹ پر لکھا کہ ’کہاں ہے میرا میاں؟‘، سرفراز کی اہلیہ کی جانب سے بس اس سوال کی دیر تھی کہ صارفین نے بھی دلچسپ تبصروں کا ڈھیر لگا دیا۔
کچھ کہتے نظر آئے کہ اہلیہ نے سرفراز پر تو صحیح کڑی نظر رکھی ہوئی ہے تو کسی نے کہا کہ بھابھی تو سیفی بھائی پر شک ہی کررہی ہیں۔
بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے سرفراز کی ساحل پر لی گئی ایک تصویر شیئر کی گئی جس پر خوشبخت سرفراز نے انہیں ہیرو قرار دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 27 جولائی کو کھیلا جائے گا۔