• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی نظریات کونسل کے چیئرمین اور پیوٹا کی پروفیسر اقبال تاجک کی وفات پر تعزیت

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمیین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز اور پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) نے شعبہ سیاسیات کے ریٹائر فیکلٹی پروفیسر اقبال تاجک کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں پروفیسر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ پروفیسر تاجک حمایت اور مخالفت میں یکساں جرات کا مظاہرہ کرتے تھے جبکہ وہ سیاسیات کے افق کے ایک ستارے کی مانند اوجھل ہو گئے ہیں تاہم ان کی پھیلائی گئی روشنی سے اور دیپ روشن ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر تاجک کی بطور معلم اسلامیہ کالج اور جامعہ پشاور میں گراں قدر خدمات پر تمام اساتذہ اور سٹوڈنس کمیونٹی میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔یاد رہے کہ پروفیسر اقبال تاجک شعبہ سیاسیات کے قیام 1962 کے وقت کے پہلے فارغ التحصیل طالب علم اور 50 سال تک شعبہ میں تدریس سے وابستہ رہنے والی شخصیت تھے۔ ادھر پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدرپروفیسر فضل ناصر نے پروفیسر اقبال تاجک کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر تاجک کی وفات سے علم و فکر کا ایک روشن باب بند ہوگیا ہے،مرحوم نے اساتذہ اور سیاسیات کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، مرحوم نے اپنی علمی و فکری جامعہ کی عظیم حیثیت کی نہ صرف لاج رکھی بلکہ 50 سال تک اعلیٰ درس و تدریس کے میدان میں پاؤں جمائے رکھے جو ایک عظیم کارنامہ ہے،وہ ہر درجہ خلوص سے بھرپور اور دوسروں کی رہنمائی کرتے ہوئے نظر آئے ۔ مرحوم نے پیوٹا کی قیادت کرتے ہوئے ہر موقع پر اساتذہ برادری کو سول سوسائٹی کا ہراول دستہ منوانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا ۔ پیوٹا کے صدر اور چیئرمین شعبہ سیاسیات پروفیسر عبدالرئوف نے پروفیسر اقبال تاجک کی یاد میں جلد ریفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا۔
تازہ ترین