کوئٹہ (خ ن)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیس طارق گورگیج کی زیر صدارت کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کورونا سیل کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ، چیف افسرایاز احمد گورگیج سمیت ایس ایچ او محمد اسلم بنگلزئی، آل پارٹیز رہنما، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر شرکاء نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ گوادر وگردونواح میں کورونا صورتحال انتہائی خراب ہے، روزانہ اموات ہو رہی ہیں، نازک صورتحال میں انتظامیہ کی جانب سے لاک ڈاؤن کافیصلہ مثبت اقدام ہے، تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیش آنے والی صورتحال پربھی غور وفکر کرنا چاہئے، جس کی وجہ سے ڈیلی ویجز مزدور اور غریب طبقہ شدید متاثر ہوگا جبکہ اس صورت حال میں ڈسٹرکٹ سول ہسپتال کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے ، اجلاس میں مطالبہ کیاگیاکہ کوروناصورتحال کو دیکھتے ہوئے گوادر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے ،پی ڈی ایم اے اپنی ذمہ داریاں پورا کرتے ہوئے اوراس صورتحال سے نمٹنے کیلئے عوام کی مدد کرے ۔عوام تک ریلیف پہنچانے کیلئے سیاسی جماعتوں ،انجمن تاجران اور سوسائٹی کو بھی ساتھ لے تاکہ امداد حق داروں تک پہنچ سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا کی شدت بدستور جاری ہے اور شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ ہونے کے برابر ہیں، کورونا وائرس کے باعث ہر گزرتے دن کیساتھ بیماری کی شدت اور اموات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن نے 25 جولائی سے لا ک ڈائون لگانے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے ہدایت جاری کی ہیںایسے میں ضروری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور حتی الامکان گھر پر رہیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور اگر باہر جانا پڑے تو ضروری ہے کہ حکومت کی بتائی ہوئی ہدایات پر عمل کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع گوادر میں مکمل لاک ڈاؤن نافد کردیا گیا ہے ۔تمام دکانیں،ہوٹل اور ریستوران اگلے پندرہ دن کے لئے مکمل بند ہوں گے ۔سوائے کچھ ضروری دکانوں کے جن کو استثنیٰ حاصل ہے ان میں صرف ان لوگوں کو اجازت ہوگی جنہوں نے ویکسین لگائی ہو یا ماسک پہنا ہو اور صرف ان ماہی گیروں کو شکار کی اجازت ہوگی ۔سیاح ،وزیٹرزاور تبلیغی جماعت کے ارکان اگلے پندرہ دن تک ضلع گوادر میں داخل نہیں ہوسکتے اور ضلع کے تمام پارکس، کھیلوں کے میدان اور اجتماع پر بھی ہر قسم کی پابندی ہوگی اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔