• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر الیکشن میں بہنے والے خون کا حساب کون دے گا، الطاف شاہد

برمنگھم ( پ ر)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ووٹوں اورمقتول ووٹرز کی گنتی ایک ساتھ ہوئی۔آزاد کشمیر میں جوکارکنان ناحق مارے گئے ان کے خون کاحساب کون دے گا،پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال سمیت مرکزی قائدین اورکارکنان اس منفی طرز سیاست کی مذمت کرتے ہیں ۔مسلم لیگ ن ،پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی نے کشمیر الیکشن کیلئے جونفرت کی فصل کاشت کی تھی اس نے بے گناہ ووٹرز کی جان لے لی ۔انتخابات میں کشت وخون روکناآزادکشمیر حکومت سمیت وزرائے اعلیٰ کافرض منصبی تھا،کچھ امیدوار جیت اورکچھ ہار گئے لیکن جوکارکنان زندگی کی بازی ہارے ان کے پسماندگان کی اشک شوئی اور محرومیوں کامداواکون کرے گا۔چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا کہ لندن میں براجمان نوازشریف کی پاکستان مخالف بدزبان افغان ایڈوائزر سے ملاقات ناقابل فہم ہے ۔نوازشریف کوقومی حمیت پرشب خون مارنے کاحق کس نے دیا ،اوورسیزپاکستانیوں سمیت ہم وطنوں کوبتایاجائے یہ ملاقات کیوں ضروری تھی اوراس کاایجنڈا کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ قومی حمیت کی قیمت پرمسلم لیگ ن کی نام نہاد سفارت کاری کومسترد کرتے ہیں۔پاکستان کاہروہ دشمن جودن رات ہماری ریاست اوراس کی سا لمیت کیخلاف زہراگلتا ہووہ نوازشریف کادوست کس طرح بن جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیا نوازشریف کی شخصیت اورسیاست ہماری ریاست اورقومی حمیت سے زیادہ مقدم ہے ،پی ایس پی کے قائد سیّد مصطفی کمال کی پاکستانیت ہمارا سرمایہ افتخار ہے ۔
تازہ ترین