• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹرز کیلئے 5روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

پشاور(نیوز رپورٹر) خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹرز کےلئے 5روزہ تربیتی پروگرام کا آغازکردیاگیا،تربیتی پروگرام میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں نئے تعینات 123اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹرز شریک ہیں جن میں 10خواتین اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹرز بھی شامل ہیں۔اس سلسلے میں افتتاحی تقریب جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک ، ڈین فیکلٹی فرح جمشید ، سینئر ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و مطبوعات اظہر علی ، ڈائریکٹر انسٹرکشنز اکیڈمی سید یاسر شبیر اور ودیعہ مشتاق ملک سمیت شرکاءٹریننگ میں شریک ہوئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی ضیاءالدین خٹک نے کہاکہ استغاثہ فوجداری نظام انصاف میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔خیبر پختونخوا پراسیکیوشن سروس اجراء،فرائض اور پاور ایکٹ2005 کے تحت ایک آزاداستغاثہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اسکے تحت خصوصی شعبوں کو قائم کیا گیا ہے جس کے تحت تفتیش کاروں اور پراسیکیوٹرز کو آزادانہ طور پر مقدمات کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کیاگیا ہے۔ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ پبلک پراسیکیورٹرز کے پانچ روزہ پروگرام کے مقاصد میں انکی کمیونیکیشن کی مہارت کو بڑھانا، پری ٹرائل اور دوران ٹرائل کی کارروائی کے بارے میں وسیع معلومات کی فراہمی ، پیشہ وارانہ اخلاقیات کی دریافت کےساتھ ساتھ پراسیکیوٹر کے طور پر انکے کردار کا اچھی طرح مطالعہ اور قوانین کے تضاد سے متعلق موازنہ کرنا شامل ہے۔
پشاور سے مزید