لاہور ( جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو عالمی وبا کورونا وائرس نے جکڑ لیا ہے وہ کورونا میں مبتلا ہوگئی ہیں،انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا۔اس بات کی اطلاع پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے دی۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مریم نواز شریف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ مریم نواز شریف سمیت تمام مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔خیال رہے ان دنوں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ لاہور سمیت پورے ملک میں بھارتی ڈیلٹا قسم کے وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کی جانب سے بار بار شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ اس وبائی مرض کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ بنائیں۔