• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتاب سے دوستی کے بغیر ترقی ممکن نہیں‘سیاسی و ادبی رہنما

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کےسیاسی رہنمائوں ،ادیبوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جب تک ہم اسلحہ کلچر کا خاتمہ اور کتابوں کو دوست نہیں بنائیں گے اس وقت تک نہ تو ترقی کرسکتے ہیں اور نہ ہی امن و امان قائم کرسکتے ہیں، معاشرے میں تبدیلی کے لئے قلم اور کتاب دوستی ناگزیر ہے۔ ان خیا لات کا اظہار جمعیت علما ءاسلام کے رہنما سابق وفاقی وزیر حاجی رحمت اللہ کاکڑ ، پروفیسر منیر احمد ، پروفیسر اقبال خان ، نصر اللہ کاکڑ و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں محمد عظیم خان کاکڑ کی چوتھی کتاب ہماری حقیقت کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے کہا کہ آج بھی معاشرے میں ایسے لوگ موجود ہیں جو کتابوں کے ذریعے معاشرے کی بہترین عکاسی کررہے ہیں،ڈیجیٹل دور نے لوگوں کو کتابوں سے دور کردیا، ایسے میں کتاب دوست لوگ معاشرے کو درست سمت میں گامزن کررہے ہیں ،کتاب دوستی مہم شروع کرکے ہی ہم معاشرے کو جرائم سے پاک کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مو جو دہ حا لا ت میں عظیم خان کا کڑ نے جو کتاب لکھی ہے وہ عام با ت نہیں بلکہ یہ بڑی تگ و دو کا کا م ہے۔ انہوں نے عوام کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے‘ ان کی کتاب ہماری حقیقت ایک بہترین تصنیف ہے جس میں معاشرے کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ عظیم خان کاکڑ کی قائم کردہ اکیڈمی سے 450 طلبا فارغ ہوکر مختلف محکموں میں خدمات انجام دے رہے ہیں ، انہوں نے کورونا کے دوران 650 افراد میں راشن تقسیم کیا اور تقریباً 12 لائبریریاں قائم کیں اب ایک اور لائبریری شہید عثمان خان کا کڑ کے نام سے قائم کی جارہی ہے جبکہ گانگلزئی میں ایک لائبریری تیار ہے ایک آرٹ گیلری قومی ہیروز کے لئے قائم کی جارہی ہے ۔اس موقع پر محمد عظیم کا کڑ نے کہا کہ ان کی کتاب ظلم کے خلاف ہے اس میں اعمال کا موضوع بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی کتاب 35 سے 40 کتابوں کا نچوڑ ہے ۔جس معاشرے میں قلم اٹھتا ہے وہاں سوچیں بدل جایا کرتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جن قوموں نے ترقی کی ،انہوں نے اسلحہ کلچر کا خاتمہ اور کتابوں سے محبت کی ۔معاشرے میں تبدیلی لانے کیلئے تعلیم کی طرف راغب ہونا ضروری ہے ۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ یوم آزادی پر ایک جرگہ منعقد کیا جائے گا ۔
تازہ ترین