پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ میشا شفیع نے بھی مقبول ترین اداکارہ عائزہ خان کے نئے ڈرامے کے خلاف آواز اُٹھا دی۔
میشا شفیع نے نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے ’لاپتا‘ کے ایک سین میں خواتین کو بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے کو حربے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے دکھانے پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
اس ضمن میں گلوکارہ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میشا شفیع نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’یہ کہانی بالکل ناگوار ہے۔‘
گلوکارہ نے لکھا کہ ’اس کہانی کو آگے بڑھانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور پریشانی کا باعث ہے۔‘
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے بھی ڈرامہ سیریل ’لاپتا‘ کے اس سین کی وجہ سے شدید دُکھ کا اظہار کیا تھا۔
خیا ل رہے کہ نجی ٹی وی سے نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’لاپتا‘ کے ایک سین میں اداکارہ عائزہ خان کو گیتی کےکردارمیں کچھ پیسے بچانے کے لیےدکاندار کو بلیک میل کرتے دکھایا گیا ہے۔