• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیوں کی ہلاکت میں ملوث سیکورٹی گارڈ کو پانچ سال سے زائد قید کی سزا

لندن ( پی اے ) ایک سیکورٹی گارڈ جس نے بلیوں پر حملے کر کے انہیں ہلاک کردیا تھا، اسے پانچ سال سے زائد عرصہ کی سزا دے کر جیل بھیج دیاگیا۔سٹیو بوکیٹ نے جن بلیوں کو ہلاک کیا تھا ان کے اونرز میں سے بعض 54 سالہ ملزم کو برائٹن میں 16 حملوںپر سزا سنائے جانے کا منظر دیکھنے کے لئے جمعہ کے روز ہوو کرائون کورٹ پرموجود تھے۔اکتوبر 2018 سے جون 2019 کے درمیان حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد اسے بالآ خر ایک مردہ بلی کے مالک نے سی سی ٹی وی سیٹ اپ کی مدد سے پکڑلیا۔ بوکیٹ پر بلیوں کے معاملے میں مجرمانہ تباہی کے 16 واقعات اور ایک چاقو اپنے قبضہ میں رکھنے پر گزشتہ ماہ چارج عائد کئے گئے تھے۔ بوکیٹ نے 9 بلیوں ہینڈرکس ، ٹامی ، ہنا ،ایلن ، نینسی ، گزمو ، کیو ، اولی اور کاسمو کو ہلاک جبکہ دوسری سات کو زخمی کر دیا تھا۔ٹرائل کے دوران ارکان جیوری کو بلیوں کے کئی مالکان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پالتو بلیوں کو خون میں لت پت دروازے کی سیڑھیوں پر پایا۔ بوکیٹ کو سزا سناتے ہوئے جج جریمی گولڈ کیوسی نے کہا کہ ’’ تمہارا رویہ ظالمانہ تھا جس نے فیملی لائف کو دھچکہ پہنچایا‘‘۔ اسے پانچ سال تین ماہ قید کی سزا دی گئی ہے۔ ٹرائل کے دوران پولیس کو دیئے گئے بیان میں بوکیٹ نے افسران سے کہا کہ بلیوں کی ہلاکت کے بارے میں وہ جو کچھ جانتا ہے وہ اس نے اخبارات اور آن لائن پڑھا تھا۔ عدالت کو سماعت پر بتایا گیا کہ اس نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ پالتو جانوروں کے لئے کوئی خطرہ نہیں مگر اس کے موبائل فون میں ایک مردہ بلی کی تصویر پائی گئی تھی۔
تازہ ترین