• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ ماہم کے قاتل کو کڑی سے کڑی سزا دے: مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ معصوم ماہم سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم کا کیس عدالت میں چلے گا اور عدلیہ بھی اس سفاک ملزم کو کڑی سے کڑی سزا دے۔

اپنے ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ معصوم ماہم سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، قاتل درندے کا ڈی این اے ماہم کے ڈی این اے سے میچ کرگیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس حیوان نے سفاکی کا اعتراف بھی کرلیا ہے،  کورنگی پولیس نے جلد ہی اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بحیثیت معاشرہ کا فرد ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، اردگرد نظر رکھیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ماہم کے والدین کے ساتھ ہمدردی اوردلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ہم سب کے دل اس افسوس ناک واقعہ پر رنجیدہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع غوث پاک کالونی سے لاپتہ ہونے والی 6 سال کی بچی ماہم کی تشدد زدہ لاش گزشتہ روز کچرا کنڈی سے ملی تھی۔

تازہ ترین