• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نظریات مسلط کرنیکی اجازت نہیں دی جا سکتی، فواد چوہدری

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام سلامتی، امن، رواداری، تحمل، برداشت اور عدم تشدد کا مذہب ہے، فرقہ ورانہ منافرت، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی سے ملاقات میں گفتگو کے دوران محرم میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، طاہر اشرفی نے کہا کہ نفاذ شریعت کے نام پر طاقت کا استعمال، ریاست کے خلاف مسلح محاذ آرائی، تخریب کاری و فساد اور دہشت گردی کی تمام صورتیں شریعت کی رو سے حرام ہیں۔

اہم خبریں سے مزید