بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی اور اہلیہ عالیہ صدیقی نے بچوں کی خاطر طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار اور ان کی اہلیہ عالیہ اپنی باقی زندگی بچوں کی خاطر ایک ساتھ گزاریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال نے جوڑے کو اپنی غلطی کا احساس دلا دیا جس کے بعد اب وہ دونوں ساتھ ہی رہیں گے۔
جوڑا ساتھ جلد دبئی جانے کا ارادہ رکھتا ہے جہاں ان کے بچے اسکول میں داخل ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اُن کے اہلیہ کے ساتھ تعلقات شادی سے پہلے ہی خراب چل رہے تھے، اُن کی اہلیہ عالیہ نے اُن پر بے وفائی کے الزامات لگائے تھے۔
خیال رہے کہ اداکار اور ان کی اہلیہ کے درمیان شادی کے پانچ برس بعد یعنی 2015 کے بعدسے ہی اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔
2017 کے بعد ایک دوسرے پر الزامات اور خلع کے حوالے سے خبروں نے تیزی پکڑ لی، 2019 میں عالیہ صدیقی نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کیا مگر مئی 2021 میں انہوں نے درخواست واپس لے لی تھی۔
یادرہے کہ نواز الدین صدیقی نے 2010 میں عالیہ سے شادی کی تھی، عالیہ کا تعلق ہندو مذہب سے تھا لیکن شادی کے بعد اُنہوں نے اپنا نام انجلی سے تبدیل کرکے عالیہ رکھ لیا تھا۔
عالیہ اور نوازالدین صدیقی کی ایک 9 سالہ بیٹی اور ایک 5 سالہ بیٹا بھی ہے۔