• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات، پاکستان سے ٹرانزٹ پروازوں پر پابندی ختم

دبئی، کراچی (سبط عارف، نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ پانچ اگست سے پاکستان، بھارت اور نائیجیریا سمیت کئی دیگر ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی۔ ان دنوں بیرون ممالک جانے والے ہزاروں مسافر پاکستان میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت چھ ممالک میں پھنسے اپنے مستقل رہائشیوں کیلئے سفری پابندی میں نرمی کا اعلان کیا ہے جو اب پانچ اگست سے براہ راست فلائٹس کے ذریعہ متحدہ عرب امارات پہنچ سکیں گے۔ اماراتی حکام نے چھ مختلف کیٹیگریز کا اعلان کیا ہے جس میں میڈیکل ورکرز ، امارات کے اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ ، طلباء، مریض جو متحدہ عرب امارات میں زیر علاج ہیں اور وہ ملازمین جو وفاقی یا مقامی سرکاری اداروں میں کام کرتے ہیں۔ اس فہرست سے شامل اماراتی مستقل ویزا رکھنے والے واپس لوٹ سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات كی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 5 اگست 2021 سے پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے مسافروں کی نئی اقسام كے لیئے رعایت کا اعلان کیا۔ اماراتی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس فیصلے میں وہ اماراتی ویزا ہولڈرز شامل ہیں جو پاکستان ، سری لنکا ، بھارت، نیپال ، نائیجیریا اور یوگنڈا میں ہیں۔ اماراتی حکام نے بتایا ہے کہ مسافروں کے پاس متحدہ عرب امارات کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ کی مکمل ویکسین لینے کا ثبوت بھی جمع کرانا پڑے گا۔ اماراتی حکام نے کہا ہے کہ امارات واپسی کے خواہمشند افراد کو فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کی ویب سائٹ پر واپسی کی اجازت کے لیے درخواست دینا ہوگی۔ اس لنک پر درخواست دی جاسکتی ہے۔ دستاوایزت کی جانچ پڑتال کے بعد ہی مسافروں کو واپسی کی اجازت دی جائے گی۔ واپسی کی خواہشمند افراد کو اپنے سفر کی تاریخ سے 48 گھنٹوں کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ بھی حاصل کرنا ہوگا۔ فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ایک ریپڈ ٹیسٹ بھی کیا جائے گا اور حکام نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ متحدہ عرب امارات پہنچنے پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ طلباء کے والدین جن کو ویکسین ابھی تک نہیں لگی ہے مگر وہ ( والدین ) بھی بچوں کے ساتھ سفر کرسکیں گے۔ البتہ کورونا منفی کی رپورٹ ہر مسافر کے پاس ہونی ضروری ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان، سری لنکا ، نیپال اور بنگلہ دیش سے 12 مئی سے متحدہ عرب امارات آنے پر پابندی عائد ہے جبکہ ہندوستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں پر پابندیاں 24 اپریل سے پابندی لگی ہوئی ہے۔

تازہ ترین