• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اسٹینڈاپ کامیڈین ذاکر خان بیمار، اسٹیج شوز سے وقفہ لینے کا اعلان

ذاکر خان—فائل فوٹو
ذاکر خان—فائل فوٹو

بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی بگڑتی صحت کے خدشات کی وجہ سے وسیع دوروں اور اسٹیج سے ’وقفہ‘ لے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذاکر خان نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی ہے جس میں ’دی ہیلتھ اپ ڈیٹ‘ لکھ کر مداحوں کو اپنی حالت سے آگاہ کیا ہے۔

38 سالہ کامیڈین نے اپنے سخت شیڈول کے صحت پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں ایک سال سے بیمار محسوس کر رہا تھا البتہ مجبوری کے تحت کام جاری رکھے ہوئے تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں گزشتہ 10 سال سے ٹور پر ہوں، حالانکہ یہ بہت بڑی نعمت ہے کہ مجھے آپ سب کی محبت اور پیار مل رہا ہے، لیکن اتنے بڑے پیمانے پر ٹور کرنا صحت کے لیے اچھا نہیں ہے، ہر ایک کو خوش کرنے کی کوشش، ایک دن میں 2، 3 شوز، بے خوابی، صبح سویرے پرواز اور کھانے پینے کا کوئی ٹائم ٹیبل نہ ہونے کے باعث میں ایک سال سے بیمار ہوں، لیکن مجھے کام کرنا پڑا کیونکہ اس وقت یہ کرنا ضروری تھا۔

ذاکر خان نے کہا ہے کہ مجھے لائیو پرفارم کرنا بہت پسند ہے لیکن میں نے مصروف دورے کے شیڈول پر اپنی صحت کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، میں ایسا نہیں کرنا چاہتا لیکن میں ایک سال سے اسے نظر انداز کر رہا تھا، مجھے لگتا ہے کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، اب مجھے وقفہ لینا پڑے گا، لہٰذا اس بار ہم محدود شہروں میں ایک انڈیا ٹور کریں گے، میں مزید شوز نہیں کر پاؤں گا اور اس کے بعد مجھے ڈاکٹروں کی جانب سے لمبے وقفے پر جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنی اگلی پوسٹ میں ذاکر خان نے اپنے مداحوں اور پرستاروں کو بتایا ہے کہ میں اپنا آئندہ انڈیا ٹور ’پاپا یار‘ کے عنوان سے کروں گا، جس کے دوران محدود تعداد میں شوز کروں گا، اندور میں کوئی شو نہیں ہو گا، لوگوں سے بھوپال آنے کی درخواست ہے۔

ذاکر خان کا انڈیا ٹور’پاپا یار‘ 24 اکتوبر سے شروع ہو گا اور اگلے سال 11 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران وہ ودودڑا، احمد آباد، دہلی، بنگلورو، کولکتہ، بھوپال، ادے پور، جودھپور اور منگلورو میں پرفارم کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید