• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ نے ہنی سنگھ پر کیا کیا الزامات لگائے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

نامور بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کی اہلیہ شالینی سنگھ کی جانب سے شوہر پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ 

خیال رہے کہ ایک روز قبل شالینی سنگھ نے ہنی سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی و گھریلو تشدد سے متعلق درخواست جمع کروائی تھی۔ 

ان کی اس درخواست پر عدالت نے ہنی سنگھ سے جواب طلب کیا تھا۔ 

شالینی کی جانب سے 120 صفحات پر مشتمل پٹیشن عدالت میں جمع کروائی گئی جس میں ہنی سنگھ پر متعدد الزامات عائد کیے گئے۔ 

درخواست گزار نے کہا کہ ہردیش سنگھ (ہنی سنگھ) کا رویہ ان کے خلاف سال 2011 سے اس وقت بدلا جب وہ موریشس سیر و تفریح کے لیے گئے تھے۔ 

انھوں نے کہا کہ اس دوران ہنی سنگھ کا ان کے ساتھ رویہ انتہائی خراب ہوگیا اور اس دوران گلوکار نے ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کی۔ 

درخواست گزار نے اس واقعے کا ذکر کیا کہ ہنی سنگھ اس دورے کے دوران جب ایک مرتبہ نشے میں تھے تو میں نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے نشا کیوں کیا جس پر ہنی نے مجھے مارا پیٹا اور کہا کہ میں اپنا منہ بند رکھوں۔ 

شالینی نے ہنی سنگھ کے دیگر خواتین سے رابطوں کے بارے میں بھی تحریر کیا اور کہا کہ انھوں نے ہنی سنگھ کے ایسے کارناموں کے بارے میں کبھی کسی کو نہیں بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنی سنگھ نے اپنی شادی کی انگوٹھی عام حالات میں پہننے سے انکار کیا تھا کیونکہ وہ کہتے تھے کہ ان کے لیے ہیرا بری قسمت کی علامت ہے۔ 

شالینی نے الزام عائد کیا کہ ہنی سنگھ کے والد نے بھی انھیں مبینہ طور پر جنسی ہراساں کیا، جبکہ کہا کہ ان کے پاس گھریلو تشدد کے متعدد ثبوت بھی موجود ہیں۔ 

انھوں نے عدالت سے درخواست کی کہ انھیں پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلینس ایکٹ کے تحت 10 کروڑ روپے کا معاوضہ دلوایا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں اپنی شادی کے دوران یہ محسوس ہوا ہے کہ وہ کوئی جانور ہیں اور ان کے ساتھ بہت ہی برا برتاؤ رکھا گیا۔ 

تازہ ترین