• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو میڈیکل کالج کی فیکلٹی لیاری جنرل اسپتال میں ڈیوٹی نہیں دیتی

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری کی فیکلٹی سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال میں ڈیوٹی سرانجام نہیں دیتی ۔ فیکلٹی کی جانب سے مریضوں کا معائنہ کیاجاتاہے نہ ہی انہیں اسپتال داخل کیا جاتا ہے جس کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔اسپتال ذرائع کے مطابق اصولاً اسپتال آنے والے مریضوں کا معائنہ او پی ڈی میں آر ایم او ڈاکٹر  کرتے ہیں جس کے بعد مریض کو وارڈ کے ڈاکٹر اور فیکلٹی ممبر کو دکھایا جاتا ہے جو اس کو اسپتال داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تاہم آرایم او کی جانب سے معائنہ کرنے کے بعد مریضوں کو گھر بھیج دیا جاتا ہے کیونکہ وارڈاورفیکلٹی کا رکن ڈاکٹر مریضوں کا معائنہ کرنے کےلئے موجود نہیں ہوتا۔اسپتال ذرائع کے مطابق شعبہ میڈیسن ، اسکن ، نیفرولوجی، یورولوجی، سرجری، آرتھوپیڈک، سائیکاٹری، آئی اور ای این ٹی کے ڈاکٹر جو فیکلٹی کا حصہ ہیں اسپتال نہیں آتے ۔ اس صورتحال سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس سلسلے میں سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خلیل پٹھان کا کہنا تھا کہ ہمارے آر ایم او مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں اور ہماری جانب سے کوئی کوتاہی نہیں کی جاتی ۔ فیکلٹی ممبران کے حوالے سے  کالج کی پرنسپل کو خط لکھ دیا ہے کہ وہ اپنا ڈیوٹی روسٹر فراہم کریں اور اپنی فیکلٹی کواسپتال آنے کا پابند کریں۔ اس سلسلے میں شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمان کا کہنا تھا کہ کالج کی فیکلٹی کے اراکین اسپتال میں موجود ہوتے ہیں اوپی ڈی میں مریضوں کا معائنہ بھی کرتے ہیں اور آپریشن بھی کرتے ہیں ۔
تازہ ترین