اسلام آباد(مانیٹرنگ نیوز)رحیم یار خان مندر حملہ، حفاظتی انتظامات، آج سپریم کورٹ میں سماعت،پنجاب کے چیف سیکریٹری اور پولیس سربراہ کو عدالت میںآکر واقعہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنیکا حکم ۔تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نےپنجاب کے شہر رحیم یار خان میں گزشتہ روز مندر پر ہونے والے حملے پر از خود نوٹس لے لیا ہے،چیف جسٹس نے یہ از خود نوٹس رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے ساتھ جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے بعد لیا،عدالت نے اس از خود نوٹس کیس کی سماعت آج 6 اگست کو مقرر کی ہے جس میں پنجاب کے چیف سیکریٹری اور پنجاب پولیس کے سربراہ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے،عدالت نے ان افسران کو اس واقعہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرنے کا کہا ہے، سپریم کورٹ نے پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ درجنوں افراد ڈنڈوں، پتھروں اور اینٹوں کے ساتھ مندر کی کھڑکیوں، دروازوں اور وہاں موجود مورتیوں کو توڑ رہے ہیں۔ڈی پی او رحیم یار خان اسد سرفراز کا کہنا تھا کہ اس وقت صادق آباد کے علاقے بھونگ شریف میں پولیس کا آپریشن جاری ہے، رینجرز اور پولیس اہلکار علاقے میں تعینات کر دیے گئے ہیں، صورتحال کنٹرول میں ہے اور یہاں کے مکینوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا،اس وقت واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔