• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری محمد سرور، شیریں مزاری بھی شہزاد رائے کے گانے کے معترف


گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی شہزاد رائے کے نئے گانے کی تعریف کی ہے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ شہزاد رائے کا یہ گانا فیض کی نظم کی بنیاد پر ترتیب دیا گیا ہے اور اس میں اس حساسیت اور تکلیف کو سمویا گیا ہے جو دنیا بھر کے سامنے ہے اور دنیا کشمیر اور فلسطین کے معصوم بچوں کے قتل عام کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارت اور اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ بچوں کی نسل کشی کو روکے، کیونکہ ان بچوں کی زندگیاں بھی اہم اور قیمتی ہیں۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی اس گیت کے حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں کمنٹس کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتنا ہی خوبصورت ہے جتنا کہ یہ دکھی اور غمگین ہے۔

واضح رہے کہ معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے نیا گانا چند روز قبل ریلیز کیا ہے۔ انہوں نے یہ گانا اپنے لہو اور اپنے قلم سے آزادی کا علم بلند کرنے والوں اور کشمیر سے فلسطین تک مظالم کے سامنے ڈٹ جانے والے بچوں کے نام کیا ہے۔

اس گانے کی دُھن شانی حیدر نے ترتیب دی ہے، جبکہ ویڈیو کے ڈائریکٹر فیصل قریشی ہیں۔ اس کی تیاری میں انھیں ندیم اسد اور فیض فاؤنڈیشن کا بھی تعاون حاصل رہا۔ شہزاد رائے کا یہ گانا جیو نیٹ ورک اور اس کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین