• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان مندر پر حملہ، ملزمان اور اکسانے والوں کو فوری پکڑ کر سزا دیں، سپریم کورٹ

رحیم یار خان مندر پر حملہ، ملزمان اور اکسانے والوں کو فوری پکڑ کر سزا دیں، سپریم کورٹ


اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ،نیوزایجنسیاں) رحیم یار خان کے دیہی علاقے بھونگ میں مندر پر حملہ کے واقعہ پر سپریم کورٹ نےازخود نوٹس لیتے ہوئے شرپسندی پر اکسانے والے افراد کو پکڑ کر سزا دینے کا حکم دیا ہے، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ تین دن ہوگئے ایک بندہ نہیں پکڑا گیا، دندناتے ملزمان ہندو کمیونٹی کیلئے مسائل پیدا کر سکتے،کمشنر، ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او کام نہیں کرسکتے تو انہیں ہٹا دیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے رحیم یار خان کے دیہی علاقے بھونگ میں مندر پر حملہ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے اور شرپسندی پر اکسانے والے افراد کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ۔ عدالت عظمیٰ نے آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب سے ایک ہفتے میں ملزمان کیخلاف کارروائی میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کر لی ۔ عدالت عظمیٰ نے مندر کی مرمت اور بحالی کے اخراجات بھی ہر صورت ملزمان سے وصول کرنے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ نے متاثرہ علاقے میں قیام امن کیلئے ویلج کمیٹی اور پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے امن کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔گزشتہ روز چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کے واقعہ پر لیے گئے از خود نوٹس کیس پر سماعت کی ۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ مندر پر حملہ ہوا انتظامیہ اور پولیس کیا کر رہی تھی۔ دوران سماعت آئی جی پنجاب انعام غنی نے عدالت کو بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) اور اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ پولیس ( اے ایس پی) موقع پر موجود تھے، انتظامیہ کی ترجیح مندر کے آس پاس 70 ہندو گھروں کا تحفظ تھا،مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ اس دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایک 8 سال کے بچے کی وجہ سے یہ سارا واقعہ ہوا،اس واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی،پولیس نے سوائے تماشا دیکھنے کے کچھ نہیں کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی معاملہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

تازہ ترین